آسٹریلیا نے انگلینڈ میں ناکامیوں کا بدلہ پاکستان سے لے لیا
ہرارے(سپورٹس ڈیسک ): سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے عبرت ناک شکست سے دوچار کرتے ہوئے شاہینوں کے مسلسل 8 فتوحات کے سلسلے کو بریک لگادی۔ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کا پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔اننگز کے آغاز سے ہی آسٹریلوی باؤلرز چھائے رہے اور پہلے ہی اوورز میں محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے بلی اسٹین لیک کا شکار ہوئے اس کے بعد انہوں نے یکے بعد دیگرے حسین طلعت، فخر زمان اور سرفراز احمد کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان 29، آصف علی 22 اور فہیم اشرف نے 21 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم آخری اوور میں اینڈیو ٹائے نے 3 وکٹیں لے کر 116 رنز پر شاہینوں کی اننگز کا خاتمہ کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے بلی اسٹین لیک نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں محض 8 رنز دیے اور 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اینڈریو ٹائی دوسرے نمایاں باؤلر تھے جنہوں نے 38 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں ایرون فنچ کی جارح مزاج بلے بازی کے نتیجے میں آسٹریلوی ٹیم آسان ہدف 11ویں اوور میں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔آسٹریلوی کپتان نے 33 گیندوں پر برق رفتار 68 رنز اسکور کیے جبکہ پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ حسن علی نے حاصل کی۔واضح رہے کہ اس جیت کے ساتھ ہی آسٹریلوی ٹیم کا بین الاقوامی میچز میں مسلسل 9 شکستوں جبکہ پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مسلسل 8 فتوحات کا سلسلہ ختم ہوگیا۔زمبابوے کے دارالحکومت میں کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان زمبابوے کو 74 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔سہ فریقی سیریز کا دوسرا میچ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا ایک اہم ترین میچ بھی ہے جہاں پہلی مرتبہ کوئی کھلاڑی اس فارمیٹ میں اپنا 100واں بین الاقوامی میچ کھیلا۔امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ پاکستان کو آسٹریلوی ٹیم پر نفسیاتی برتری حاصل ہوگی کیونکہ کینگروز حال ہی میں ون ڈے فارمیٹ میں انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کیا ہے۔