آسٹریلیا کا پاکستان کو9 وکٹوں سے ہرا کر فاتحانہ آغاز
ہرارے (اے پی پی)سہ فریقی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں بلی سٹین لیک کی تباہ کن بائولنگ اور ایرون فنچ کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا، پاکستانی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19.5 اوورز میں 116 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، سٹین لیک نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے پاکستانی ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، شاداب خان 29 رنز بنا کر نمایاں رہے، سٹین لیک نے 8 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 10.5 اوورز میں محض ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کیا، ایرون فنچ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے گرین شرٹس کے بائولرز کی خوب دھنائی کی، انہوں نے 33 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ سٹین لیک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پیر کو سہ فریقی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلوی قائد ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، پاکستانی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19.5 اوورز میں 116 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، سٹین لیک نے اوپنرز اور ٹاپ آرڈرز کو آئوٹ کر کے گرین شرٹس پر دبائو بڑھا دیا جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، شاداب خان 29، آصف علی 22 اور فہیم اشرف 21 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد حفیظ اور حسن علی بغیر کوئی رن بنائے، فخر زمان 6، حسن طلعت 10، کپتان سرفراز احمد 4، شعیب ملک 13، محمد نواز تھری 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، سٹین لیک نے 8 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اینڈریو ٹائی نے 3، رچرڈسن اور سٹوئنس نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں کینگروز نے مطلوبہ ہدف 11 ویں اوور کی پانچویں گیند پر صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، ایرون فنچ اور ڈی آرسی شارٹ نے ٹیم کو 3.2 اوورز میں 35 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، شارٹ 15رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس کے بعد ٹریوس ہیڈ نے کپتان کا ساتھ دیا، فنچ اور ہیڈ نے ڈٹ کر گرین شرٹس کے بائولرز کا مقابلہ کیا اور دوسری وکٹ میں 82 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، فنچ نے 33 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، ہیڈ 20 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، حسن علی نے ایک وکٹ لی۔