انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائیگا
مانچسٹر(آئی این پی)انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز (آج) سے ہو گا۔ ان فارم انگلینڈ کے خلاف سیریز کوہلی الیون کیلئے کڑا امتحان ہے، بھارت کو فاسٹ بائولر جسپریت بمرا کی بھی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔انگلینڈ کی ٹیم ان دنوں بھرپور فارم میں ہے اور اس نے حال ہی میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں 5-0 سے وائٹ واش کیا تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 6جولائی جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی 8جولائی کو کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے اور پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔