ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست پر مختلف افراد کے تبصرے
ملتان (سپورٹس رپورٹر) تین ملکی سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بارے میں کھیلوں کی دنیا سے وابستہ افراد نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں میں کچھ کرگزرنے کا جذبہ نہیں اور خود اعتمادی کا فقدان بھی ہے۔ انتظامیہ، بورڈ اور منیجمنٹ کو چاہئے کہ وہ کھلاڑیوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ برین واش کر کے ان کا اعتماد بحال کریں۔ ٹیم کو کسی بھی دبائو اور خوف سے باہر نکل کر کھیلنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار حسان اور شاہ زیب نے نوائے وقت موبائل فورم میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس دکھائی، پاکستانی ٹیم کو مزید محنت کی ضرورت ہے۔ صلاحیتوں میں نکھار بیدار کرنا ہوگا۔ کرکٹ کی بحالی اور کامیابی کیلئے کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مظفر، معظم اور حمزہ نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ایسے کھلاڑیوں کو موقع ملنا چاہئے جو اپنی ذات کی بجائے ملک اور ٹیم کی خاطر کھیلیں اور اپنے کھیل پر توجہ دیں۔ ہر کھلاڑی کے ذہن میں یہ بات ہو کہ اسکے انفرادی کھیل سے ٹیم کو کس قدر فائدہ ہو رہا ہے۔ ٹھنڈا مزاج رکھنے والے کھلاڑیوں کو موقع ملنا چاہئے۔ کپتان ایسا ہونا چاہئے جو ملک کی خاطر خود اور اپنی ٹیم کو لڑائے، قوت ارادی مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ بروقت فیصلہ کی صلاحیت بھی ہو گروپنگ سے پاک اور اخلاق سے عاری نہ ہو، سیاست سے پاک کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہئے اگر اس روٹ لیول اور نرسریوں سے کھلاڑی لینے چاہئیں۔