ڈی جی ایل ڈی اے نے ون ونڈوسیل کو موثر بنانے کیلئے تجاویز طلب کر لیں
لاہور (خصوصی نامہ نگار) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے ایل ڈی اے کے ون ونڈو سیل کو مزید موثر بنانے کے لئیپلاٹوں کی ٹرانسفر ‘ این او سی کے اجرا ، نقشوں کی منظوری اور دیگر امور کے بارے میں ایس او پیز کو سادہ اور سہل بنانے کی ہدایت کی ہے اور اس مقصد کی خاطر متعلقہ ڈائریکٹروں سے دو روز کے اندر اندر تجاویز و سفارشات طلب کر لی ہیں۔گزشتہ روز انہوں نے ایل ڈی اے افسران کو ہدایت کی شہریوں کی درخواستوں پر دیئے گئے وقت کے اندر عملدرآمد یقینی بنایا جائے‘ انہیں ان کی درخواستوں پر اعتراضات کے بارے آگاہ کرنے کے لئے بار بار چکر نہ لگوائے جائیں بلکہ ایک ہی بار مطلع کردیا جائے - انہوں نے کہا کہ عملے کی طرف سے تاخیری حربوں اور بدعنوانی کی شکایات دور کرنے کے ساتھ ساتھ غیر متعلقہ افراد کا عمل دخل بھی ختم کیا جائے گا- ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان کی ہدایت پر چیف انجینئر مظہر حسین خان نے مون سون کے دوران شہر سے نکاسی آب یقینی بنانے کے لیے واسا کی معاونت کرنے کی خاطر ایل ڈی اے یوڈی ونگ کے تمام انجینئرز کی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں اور دو ماہ کے لیے عملے کی اتفاقیہ رخصت بند کر دی ہے۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے نے گزشتہ روز ایل ڈی اے انجینئرنگ ونگ کے تمام ڈائریکٹرز‘ڈپٹی ڈائریکٹرز ‘اسسٹنٹ ڈائریکٹرز‘ سب انجینئرز اور کنٹریکٹرز کا اجلاس طلب کر کے انہیں ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔