چاول کی برآمدات 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں:ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی
اسلام آباد (اے پی پی) مالی سال 2015ء کے بعد مالی سال 2018ء کے دوران چاول کی ملکی برآمدات 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2015ء کے دوران 2 ارب ڈالر مالیت کا چاول برآمد کیا گیا تھا جبکہ مالی سال 2016ء میں برآمدات کا حجم 1.86 ارب ڈالر اور مالی سال 2017ء میں 1.61 ارب ڈالر تک کم ہو گیا۔ ٹی ڈی اے پی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 2018ء کے دوران چاولک کی برآمدات کا حجم 2 ارب ڈالر سے بڑھنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 2017-18ء کے پہلے گیارہ ماہ میں جولائی تا مئی کے دوران چاول کی ملکی برآمدات 1.89 ارب ڈالر رہی ہیں اور اس دوران 3.84 میٹرک ٹن چاول برآمد کیا گیا ہے جبکہ چاول کی برآمدات کے جون 2018ء کے اعدادوشمار رواں ماہ 20 جولائی تک مرتب ہوں گے اور توقع ہے کہ جون میں چاول کی برآمدات کے حتمی اعدادوشمار کے بعد برآمدات 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی کیونکہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران کی جانے والی برآمدات 2 ارب ڈالر سے صرف 0.11 ارب ڈالر کم ہیں۔