پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ اقدام ہے: خالد پرویز
لاہور (کامرس رپورٹر) صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے کہا ہے کہ ایک ماہ میں دوسری بار پیٹرولیم مصنوعات کے ریٹس میں ہوشربا اضافہ انتہائی ظالمانہ اقدام ہے جس سے مہنگائی کا خوفناک طوفان آئے گا اور گھریلو بجٹ سے لے کر صنعتی پیداوار تک ہر جگہ پر اس کے اثرات ظاہر ہوں گے خصوصاً چھوٹے تاجر اور کمزور طبقات بُری طرح متاثر ہوں گے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا فارمولا طے کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے اور نگران حکومت نے دوسری بار پٹرول بم چلا دیا ہے۔ تاجر اور عوام اس اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور اسے واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیںخالد پرویز نے کہا اگر پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو انجمن تاجران احتجاجی تحریک چلا سکتی ہے۔ وہ گزشتہ روز تاجروں کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں لاہور کی مختلف مارکیٹوں کے صدور اور جنرل سیکریٹریز نے شرکت کی جن میں سیکریٹری جنرل آل پاکستان انجمن تاجران عبد الرزاق ببر، صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ، جنرل سیکریٹری طیب میر، نائب صدر سعید مغل، وائس چیئرمین حاجی اشفاق اور نائب صدر محمد جمیل نمایاں ہیں۔