اقوام متحدہ امن فوج کے انڈر سیکرٹری کی آرمی چیف‘ وزیر خارجہ‘ داخلہ سے ملاقاتیں
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے اقوام متحدہ کی امن افواج کیلئے انڈر سیکرٹری جنرل جین پئیرے لیکروئیکس نے پیر یہاں مصروف دن گزارا۔ انہوں نے نگران وزیر خارجہ عبداللہ حسین اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جب کہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی کے مرکز امن کا بھی دورہ کیا۔ نگران وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے اعلی سفارت کار کے ساتھ ملاقات کے دوران زور دیا کہ پاکستان ملٹی لٹرل ازم کا مستقل اور فعال حامی ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون اقوام متحدہ کے ساتھ رابطے اور حمایت ہے۔ وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کی طویل مدت شراکت داری خاص طور پر دنیا بھر میںاس کے امن مشنوں میں شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کردار بڑا نمایاں رہا ہے اور یہ سب سے زیادہ فوجی فراہم کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے امن آپریشنز کی حمایت اور ان میں شرکت جاری رکھے گا۔ اقوام متحدہ کے انڈرسیکرٹری جنرل نے امن مشنوں میں پاکستان کے کلیدی کردار کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کے امن دستوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے عالمی امن کے لئے پاکستانی امن دستوں کے جان قربان کرنے والے ایک سو چھپن شہداءکو
خراج عقیدت پیش کیا۔ اپنے دورے کی دوران اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وفاقی وزیر داخلہ کے علاوہ اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کیں جبکہ وفد نے سنٹر برائے بین الاقوامی امن و سلامتی اور اقوام متحدہ کے انڈیا و پاکستان کے لئے ملٹری آبزرور گروپ کے صدر دفاتر کا بھی دورہ کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے مہمان وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
یو این انڈر سیکرٹری