;جمشید مارکر کی سفارتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا‘ نگران وزیراعظم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) گزشتہ روز دفتر خارجہ میں منعقدہ تقریب کے دوران پاکستان کے معروف سفارت کار آنجہانی جمشید مارکر کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ واضح رہے کہ جمشید مار کر کا پچھلے ماہ انتقال ہوا ہے اور ان کی خدمات کی بدولت دفتر خارجہ کے ایک ہال کو ان سے موسوم کیا گیا۔ اس سلسلہ میں پیر کے روز ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں نگران وزیر اعظم ناصر الملک مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم نے کہا کہ سفیرجمشید مارکر نے عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کا تحفظ کیا اور عالمی امن کےلئے مفید کوششیں کیں، جمشید مارکر نے بطور سفیر کئی ملکوں اور عالمی فورموں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور پاکستان کے مفادات کا تحفظ کیا۔ جمشید مارکر ایک مایہ ناز سفارت کار تھے جن کی بصیرت کا اعتراف دنیا بھر میں کیا گیا، دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے استحکام میں ان کے موثر کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہاکہ جمشید مارکر پاکستان کے بہترین سفارتکاروں میں سے ایک تھے جنہوں نے طاقتور اور موثر سفارت کاری کا ورثہ چھوڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ایک اعلی پائے کے مدبر بھی تھے جنہوں نے طاقتور ممالک کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کیا۔ انہوں نے کہاکہ خواہ یہ جنیوا کا معاملہ ہو، امریکا کے ساتھ مشکل و پیچیدہ تعلقات ہوں یا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی کوئی قرارداد ہو جمشید مارکر نے اپنی موثر سفارت کاری اور مہارت کے ذریعے قوم کی خدمت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون نے جمشید مارکر کی شخصیت اور ان کی خدمات کو اجاگر کیا، انہوں نے کہا بزرگ سفارتکار نے عشروں تک حقیقی محب وطن پاکستانی کے طورپر پاکستان کی خدمت کی۔ عبداللہ ہارون نے کہاکہ جمشید مارکر ایک عظیم سفارتکار تھے جو پاکستان کیلئے جئے اور پاکستان میں فوت ہوئے۔ خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ نے کہاکہ جمشید مارکر نے نہایت مشکل اور ابتلاکے ادوار میں بھی پرسکون انداز میں اور سفارتی مہارت کے ساتھ ملک کی خدمت کی۔ پاکستانی قوم اور دفتر خارجہ کے ارکان ان کی کمی بہت زیادہ محسوس کریں گے۔ جمشید مارکر کی صاحبزادی نیلوفر رائفلر نے کہاکہ ان کے والد نہایت مہذب انسان تھے جنہوں نے تمام ممالک کی ثقافتوں کی پذیرائی کی۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر دفتر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
نگران وزیراعظم