پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ چیلنج، ہائیکورٹ نے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا
لاہور(وقائع نگار خصوصی) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے نگران حکومت سابق حکومت کے نقش قدم پر چل کر عوام پر پٹرول بم گرا رہی ہے۔ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے نگران وفاقی حکومت کو عوامی مشکلات میں اضافے کا کوئی استحقاق حاصل نہیں۔ پٹرولیم مصنوعات پر اضافی ٹیکسوں سے متعلق سپریم کورٹ نے پہلے ہی از خود نوٹس لے رکھا ہے،عدالتی فیصلہ آنے تک قیمتوں میں بلاجواز اضافہ عوامی حقوق کو ختم کرنے کے مترادف ہے درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ کیا گیا جس سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کالعدم قرار دے۔
پٹرول اضافہ/ چیلنج