عاصم خان پاکستان اسکواش سرکٹ تھری ایونٹ کے ٹاپ سیڈ
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کے عاصم خان پاکستان اسکواش سرکٹ تھری ایونٹ کے ٹاپ سیڈ ہوں گے جبکہ فرحان زمان کو نمبر دو سیڈ رکھا گیا ہے۔ ویمنز ایونٹ میں فائزہ ظفر ٹاپ سیڈ ہوں گی‘ اسکواش لیجنڈ اور سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین جہانگیر خان آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ ہیں ان خیالات کا اظہار صوبائی اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکرٹری راشد احمد نے بدھ سے شروع ہونے والی چیمپئن شپ کے حوالے سے منعقدہ میڈیا بریفنگ میں کیا۔ اس موقع پر طاہر احمد اور شاہ جہاں صلاح الدین بھی موجود تھے۔ راشد احمد نے کہاکہ 11 جولائی تک جاری رہنے والے 15 ہزار ڈالر کی انعامی رقم کے پاکستان انٹرنیشنل اسکواش سرکٹ تھری 2018ء کے مقابلے روشن خان‘ پاکستان نیوی جہانگیر خان اسکواش کپلیکس‘ فلیٹ کلب پر کھیلے جائیں گے‘ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی منظوری سے ہونے والے اس سرکٹ میں مینز ایونٹ کی انعامی رقم 10 ہزار ڈالرز رکھی گئی ہے جبکہ ویمنز ایونٹ کیلئے 5 ہزار ڈالرز کی رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوالیفائنگ رائونڈ مقابلے 6 اور 7 جولائی کو طے ہیں جس کے بعد مین رائونڈ مقابلوں کا آغاز ہو گا۔ پی ایس اے کی جانب سے جاری کی جانے والی سیڈنگ میں مینز ایونٹ کیلئے احسن ایاز 3‘ طیب اسلم 4‘ فرحان محبوب 5‘ اسرار احمد 6 عماد فرید 7 اور سید علی مجتبیٰ 8 سیڈ کھلاڑی ہوں گے۔ نوید رحمان کو وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے جبکہ قطر کے عمیر زمان کو بھی ایونٹ میں حصہ لیں گے۔ ویمنز ایونٹ میں ٹاپ سیڈ کو اپنے افتتاحی میچ میں مقدس جاوید کا سامنا درپیش ہو گا‘ ان کی بہن سیڈ 2 مدینہ ظفر کا کوالیفائر‘ سیڈ 3 انعم مصطفی کا صائمہ شوکت‘ سیڈ 4 زاہب خان کا نرما عقیل سے ہو گا۔ فائنلز اور اختتام تقریب 11 جولائی کو ہو گی