سہ ملکی سیریز آسٹریلیا نے آسانی سے پاکستان کو شکست دیدی
ہرارے(آئی این پی)سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو باآسانی 9وکٹوں سے شکست دیدی۔ پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5اوورز میں116رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ،پاکستان کی جانب سے 6بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے جبکہ شاداب خان29رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ آسٹریلیا نے117رنز کا آسان ہدف کپتان ایرون فنچ کی جارحانہ بیٹنگ کو بدولت10.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا،ایرون فنچ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33گیندوں پر6چھکوں اور4چوکوں کی مدد سے68رنز بنائے،آسٹریلیا کی جانب سے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرنے والے بلی اسٹینلک کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پاکستان اپنا تیسرا میچ (کل)بدھ کو میزبان زمبابوے کیخلاف کھیلے گا۔پیر کو زمبابوے کے ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس کی جانب سے محمد حفیظ اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ابتدا سے ہی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن دبائو کا شکار رہی اور صرف 24کے مجموعی اسکور پر 4کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، محمد حفیظ صفر، حسین طلعت 10، فخر زمان 6اور کپتان سرفراز احمد 4رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔شعیب ملک کا سفر بھی 13رنز تک محدود رہا اور آصف علی بھی 22 رنز تک ٹیم کا سہارا بنے، شاداب خان نے مزاحمت کی کوشش کی اور وہ سب سے زیادہ 23رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔فہیم اشرف 21، محمد نواز 6اور حسن علی بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوئے اور پوری قومی ٹیم 19.5اوورز میں 116رنز بناسکی۔آسٹریلیا کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلی اسٹینلک نے4 اوور میں 8رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں جب کہ اینڈریو ٹائی نے 3، مارکس اسٹونیس اور جے رچرڈسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم صرف10.1اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر117رنز کا ہدف پورا کر لیا۔آسٹریلیا کی جانب سے آرکی شارٹ 15رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر طلعت حسین کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے جبکہ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ68اورٹرویس ہیڈ20رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33گیندوں پر6چھکوں اور4چوکوں کی مدد سے68رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ حسن علی نے حاصل کی۔آسٹریلیا کی جانب سے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرنے والے بلی اسٹینلک کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا میچ (آج)منگل کو میزبان زمبابوے اور آسٹریلیا کے مابین کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اپنا تیسرا میچ (کل)بدھ کو میزبان زمبابوے کیخلاف کھیلے گا۔