کراچی کے عوام اب بیدار ہوچکے ہیں، راشد نسیم
کراچی (نیوز رپورٹر) متحدہ مجلس عمل کے امیدوار NA-254 راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک میں سیکولر اور ملک دشمن ٹولہ قابض ہے ، ہمیں انہیں شکست دینا ہوگی ۔ داڑھی ، ٹوپی ، حجاب اور پردے کیلئے عوام کو اٹھنا ہوگا ، ایم ایم اے ملک میں امن و امان کے قیام ، سودی نظام کا خاتمہ ، اللہ اور اس کے رسول کے دین کے نفاذ کے لئے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے ۔ ملک میں سودی نظام سے نجات پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم یا ن لیگ نہیں ، مذہبی جماعتیں دلا سکتی ہیں، متحدہ مجلس عمل کراچی کے عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈرل بی ایریا بلاک 14میں انتخابی دفتر کے افتتاح، انار کلی بازار واٹر پمپ پر دکانداروں سے ملاقات اور آئمہ کرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راشد نسیم نے کہا کہ سابقہ منتخب نمائندوں نے کراچی مسائلستان بنا دیا، خود اقتدار کے مزے لیتے رہے اور شہریوں کو پانی، بجلی، ٹوٹی ہوئی سڑکیں اور سیکڑوں مسائل کا تحفہ دیا، صوبائی و شہری حکومت صرف کراچی کو لوٹنے میں مصرو ف رہیں۔کراچی کا کوئی والی وارث نہیں ہے۔ شہر میں حکومت کرنے والوں نے کراچی میں تعمیر کے بجائے ہمیشہ تخریب کا کام کیا۔ماضی کی 30سالہ سیاست نے کراچی کو بند گلی میں کر دیا ہے۔ راشد نسیم نے کہا کہ پانی کی قلت اور غیر منصفانہ تقسیم کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ہے، عوام ان پارٹیوں سے انتقام لیں گے اور شکست سے دوچار کریں گے ۔