مسلم لیگ(ن) کراچی کا امن برباد نہیں ہونے دے گی، اکبر گجر
کراچی( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویڑن کے صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے منتخب نمائندے کراچی کو ماضی کی لوٹ مار کی طرف نہیں جانے دیں گے. شہر کے عوام نے میاں محمد نواز شریف کا ساتھ دیا تو کراچی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں پاکستان کے تمام شہروں سے آگے نکل جائے گا. قومی اسمبلی کے حلقے NA-244 کیلئے میاں محمد نواز شریف کے نامزد امیدوار ڈاکٹر مفتاح اسما عیل اورصوبائی اسمبلی کے حلقے PS-103 کے لئے قائد نواز شریف کے نامزد امیدوار علی عاشق گجر کی انتخابی مہم کے سلسلے میں گلشن جمال میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے علی اکبر گجر نے کہا کہ کراچی کی تعمیر نو کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے منتخب نمائندے میاں محمد شہباز شریف کے وڑن کو اپنائیں گے. شہر قائد کو لاہور کے ہم پلہ ترقی یافتہ سرسبز و شاداب بنانے کے لئے کراچی کے شہریوں کا بھرپور تعاون ناگزیر ہے. سندھ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے بہترین ٹیم میدان میں اتاری ہے جس کی صلاحیتیں سندھ کی معاشی، زرعی اور صنعتی ترقی کی ضمانت بنیں گی. پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاسی تاریخ گواہ ہے کہ ہمیں عوام نے جب بھی اپنے بھرپور اعتماد سے نوازا ہم نے پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے سفر کو آگے بڑھایا. پاکستان میں تعمیرات، مواصلات، توانائی کے شعبوں میں عظیم الشان ترقی میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ممکن ہوئی۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار برائے PS-103 علی عاشق گجر نے اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں گلشن جمال کے عمائدین سے خطاب میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک کی واحد جماعت ہے جس کی سیاست پاکستانی کی معاشی، صنعتی، دفاعی ترقی اور عوام کے لئے بہترین طرز زندگی کو یقینی بنانے کے گرد گھومتی ہے۔