تحریک انصاف متوسط طبقے کے حقوق کی جنگ لڑرہی ہے، اکرم چیمہ
کراچی (نیوزرپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے حلقہ این اے 239کے نامزد امیدوار اکرم چیمہ اور پی ایس 98 کے امیدوار انجینئر عدیل احمد نے ڈرگ روڈ پر ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف غریب اور متوسط طبقے کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہم پی پی اور ن لیگ کی طرز پر سیاست کرکے عوام کے دلوں میں اپنے لیے نفرت پیدا نہیں کرنا چاہتے۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے حلقہ این اے 244 کے نامزد امیدوار و پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنما علی زیدی نے حلقہ پی ایس 104 کے نامزد امیدوار منصور شیخ کے ساتھ مل کر یو سی 1، گلستانِ انجم میں ایک کارنر میٹنگ کی ۔ اس کارنر میٹنگ کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں خٹک برادری نے پاکستان تحریک انصاف اور اس کے رہنما ئوں علی زیدی اور منصور شیخ کی حمایت کا اعلان کیا۔ علی زیدی کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں نے عوام کا کوئی خیال کرنے کی بجائے اپنی جیبیں بھریں اور بینک بیلنس پر توجہ دی۔ پاکستان تحریک انصا ف اقتدار میں آئی تو ہر ظلم و ستم کا حساب لے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ این اے 248 کے نامزد امیدوار سردار عبدالعزیز اور پی ایس 113 کے نامزد امیدوار شاہنواز جدون نے اپنے حلقے کیماڑی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کیا۔ خطاب کے دوران سردار عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ ہم عوام کے مسائل حل کرنے کا شعور رکھتے ہیں اور انہیں حل کرنے کے لیے مخلص بھی ہیں۔ شاہنواز جدون نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو حکومت ملی تو ہم لوگوں کی پریشانیاں دور کرنے کے لیے انتھک محنت کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے حلقہ این اے 256 کے نامزد امیدوار نجیب ہارون ،حلقہ پی ایس 129 کے نامزد امیدوار ڈاکٹر عمران شاہ اور پی ایس 130 کے نامزد امیدوار ریاض حیدر کی قیادت میں حلقہ 256 میں ایک شاندارریلی کا انعقاد کیا گیا۔