ایم ڈی واٹر بورڈ نے فراہمی آب سے متعلق رپورٹ طلب کرلی
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ایم ڈ ی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے واٹربورڈ کے افسران اور انجینئرز کو پابند کیا ہے کہ وہ شہریوں کے فراہمی و نکاسی آب سے متعلق مسائل فوری کے فوری حل کو یقینی بنائیں ، شہریوں ،منتخب نمائندوں اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں ،پانی اور سیوریج سمیت واٹربورڈسے متعلق دیگر شکایات کے ازالے کیلئے رابطہ کرنے والے افراد سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں ،پانی اور سیوریج کی بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی ،مین ہولز کور،رنگ سلیب کی تنصیب سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے مربوط قابل عمل اور موثر منصوبہ بندی کی جائے اور اس سے متعلق دوروز میںجامع رپورٹ مرتب کرکے دو روز میں ایم ڈی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جائے ، وہ واٹربورڈ کے افسران اور انجینئرز کے اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے ،انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی فراہمی کے سلسلے میں کسی افسر کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ، شہریوں کے مسائل کے حل میں عدم دلچسپی لینے والے افسران یا ان کے عملے کے ارکان کو بلاکسی تاخیر عہدے سے ہٹادیا جائے گا اورضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی ،ایم ڈی واٹربورڈ نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ فراہمی ونکاسی آب کی بوسیدہ لائنوں کوتبدیل ،مین ہولز کی تعمیر ،مرمت ان پر رنگ سلیب کی تنصیب اورپمپنگ اسٹیشنوں کی دیکھ بھال اور مشینوں کے رنگ و روغن سمیت دیگر ضروری کاموں کی انجام دہی باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کی جائے شہر سے نکاسی آب کی شکایات کے خاتمہ کیلئے مربوط پروگرام تشکیل دیا جائے ، پانی کی لائنوںخصوصا والوز میں رساؤ اور ،لیکیجزکے خاتمہ کیلئے اقدامات کئے جائیں ،شہر بھر کے مین ہولز کے کورز اور رنگ سلیب کی طلب سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے ، انہوں نے تمام افسران کو پابند کیا کہ وہ مسائل کے حل کیلئے آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں ، ان کی ٹیلی فون کالز اٹینڈ کریں اور واٹس اپ یا ایس ایم ایس کے ذریعے شکایات بھیجنے والے افراد کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ ا ن کے پیغامات کا جواب بھی دیا جائے ۔