برساتی نالوں پر تجاوزات صفائی میں مشکلات کا سامنا ہے وسیم اختر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں برساتی نالوں پر بڑی تعداد میں تجاوزات قائم ہیں بڑی بڑی مارکیٹیں اور فلیٹس بنا کر صفائی کرنے کے تمام راستے بند کردیئے اور برساتی نالوں کی صفائی میں مشکلات کا سامنا ہے ‘ ہمیں ان تجاوزات کو ہر صورت میں ہٹانا ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلسل پانچویں روز کراچی کے برساتی نالوں اورنگی نالہ چمن سنیما‘ بڑا بورڈ نالہ پاک کالونی‘ کشمیری محلہ پرانا گولیمار‘ سونگل نالہ گلزار ہجری‘ ابو الحسن اصفہانی روڈ‘ رہبر چوک لیاقت آباد اور دیگر نالوں کی صفائی کا دورہ کرتے ہوئے کیا‘ اس موقع پر ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور‘ یوسی چیئرمین خالد اجمیری‘ میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن‘ ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز اقتدار انور‘ سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم‘ سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد سمیت دیگر افسران اور منتخب نمائندے بھی موجود تھے‘ میئر کراچی نے رہبر چوک لیاقت آباد میںتاخیری حربے استعمال کرنے اور ان کی ہدایات کے مطابق دو شفٹوں پر کام نہ ہونے پر ایکسیئن ظفر اقبال کو معطل کردیا اس موقع پر انہوں نے کہاکہ برساتی نالوں کی صفائی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی‘ نالے صاف کرنے کیلئے کنٹریکٹرز کو مشینری اور لیبرز کو ہر صورت میں بڑھانا ہوگا بصورت دیگر ان کے کنٹریکٹ کو معطل کر دیا جائے گاکیونکہ ہمیں ہر صورت میں نالوں کی صفائی کا کام برسات سے پہلے مکمل کرنا ہے تاکہ نالے اوورفلو نہ ہوں اور علاقہ مکینوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کہاکہ شہر کے نالوں پر بے انتہا تجاوزات ہیں‘ ایک ایسا مافیا ہے جو صرف نالوں کو ہدف بناتا ہے اور وہاں مکانات اور دکانیں قائم کر کے فروخت کردیتا ہے۔ میئر کراچی نے کہاکہ شہر کے تمام علاقوں میں جہاں جہاں نالوں کی صفائی کی ضرورت ہے وہاں ترجیحی بنیادوں پر کام کرائے جا رہے ہیں کیونکہ شہر کے تمام چھوٹے بڑے نالے نکاسی آب کا قدرتی ذریعہ ہیں اور انہیں ہر صورت میں بحال اور کارآمد رکھنا انتہائی ضروری ہے۔