پلوامہ حملے کیخلاف تیسرے روز بھی ہڑتال ، مظاہرے، فورسز کی فائرنگ سے نوجوان شہید، متعدد افراد زخمی
سرینگر (اے این این+ کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ کے علاقے لیتھ پورہ میں حملے کے بعد کارروائی میں ایک اور مجاہد کو شہید کرنے اور نعش برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، سانحہ کے تیسرے روز بھی ہڑتال اور احتجاج،وادی میں اہم کاروباری اور تجارتی مراکز بند، انٹر نیٹ موبائل سروس معطل رہی، قابض فورسز کی طرف سے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا گیا،کئی مقامات پر پر تشدد جھڑپیں،بھارتی فوج کی طرف سے سیدھی فائرنگ، ایک نوجوان شہید، متعدد زخمی ہو گئے۔ بھارتی فورسز کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں لیتھ پورہ سے ایک اور مبینہ مجاہد کی نعشیں برآمد ہوئی ہے جس کی تاحال شناخت نہیں ہوئی۔ڈی جی پولیس ایس پی وید کے مطابق مجاہدین کا تیسرا ساتھی جس کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ وہ فدائی حملے کے بعد فوجی کیمپ سے فرار میں کامیاب ہو گیا تھا اس کی نعش ملی ہے ۔ اس نوجوان کی ابھی شناخت نہیں ہوئی ۔دریں اثناء سانحہ کے تیسرے روز بھی وادی میں ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ دربہ گام پلوامہ میں کئی مقامات پر فورسز نے ناکے لگائے تھے جس کے دوران مذکورہ گائوں کے بالکل قریب ہی نوجوانوں اور فورسز میں شدید ٹکرائو ہوا۔مظاہرین نے فورسز پر اس وقت پتھرائو کیا جب انہیں روکا گیا جس کے واب میں فورسز نے پہلے ہوائی فائرنگ کی اور بعد میں براہ راست بھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں منظور احمد راتھر کے چہرے پر گولی لگی اور اسے نازک حالت میں پہلے پلوامہ ضلع ہسپتال اور بعد میں سرینگر منتقل کیا گیا تاہم وہ زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی پارلیمنٹ کی طرف سے تین طلاق دینے کے معاملے کو قابل سزا جُرم قرار دینے اور بھارتی وزیراعظم کی طرف سے مسلم خواتین کو بغیر محرم حج اور عمرہ کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی قوانین کو بدلنے کی بھارت کی بہیمانہ کارروائی مسلمانوں کے دینی امور میں مداخلت ہے جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ بھارتی فورسز نے جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں متعدد دیہات میں سرچ آپریشن شروع کر دیاہے۔ اطلاعات کے مطابق منگل کی صبح فورسز نے شوپیاں کے کاچڈورہ‘ چکورہ‘ باباپور‘ لنڈورہ‘ گاہنڈ‘ ہرمین‘ مراپور‘ بامن‘ منتری بھگ اور دیگر متعلقہ علاقوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کر دی ہے۔ مقبوضہ کشمیر اسمبلی میں منگل کے روز اپوزیشن نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ایوان کا واک آئوٹ کیا اور بھرپور احتجاج کیا۔ عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے حکومت مخالف نعرے لگائے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔