پھل، سبزیاں متعدد اشیاء مہنگی، ٹرانسپورٹروں نے کرائے بڑھا دئیے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ اپوزیشن رہنمائوں کی طرف سے شدید تنقید گوجرانوالہ میں عوام کا احتجاج ۔
نئے سال کے آغاز پر حکومت کی طرف سے عوام کو پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ کا جو تحفہ ملا ہے اس کے ثمرات بھی ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں، اشیائے خورد و نوش سمیت متعدد اشیا کی قیمتوں میں من مانا اضافہ ہو گیا۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ حکومت اپنے اقتدار کے آخری برس عوام کو ریلیف دیتی ان کو مہنگائی سے بچانے کے لئے اصلاحاتی پروگرام لاتی۔ الٹا حکومت نے جاتے جاتے عوام کو مزید زندہ درگور کر دیا۔ پٹرولیم نرخوں میں اضافہ کا لامحالہ اثر ضروریات زندگی کی اشیاء پر پڑتا ہے جو پہلے ہی عوام کی دسترس سے دور ہو چکی ہیں۔ اب حکومت کے اس اقدام سے عوام کا غضبناک ہونا ایک فطری عمل ہے اس لئے حکومت کو ان کے جوابی ردعمل کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ اپوزیشن جماعتیں پہلے ہی حکومت پر دبائو ڈال رہی ہیں۔ اب وہ مہنگائی کے خلاف اگر عوام کو سڑکوں پر لانے میں کامیاب ہو گئیں تو کیا ہو گا، اس کا اندازہ حکمرانوں کو لگا لینا چاہئے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ حکومت کی انہی عوام دشمن اقدامات کی وجہ سے عوامی سیلاب انتخابات کے عمل میںحکومت کو بہا کر نہ لے جائے۔ اس لئے حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کو مہنگائی کے چنگل سے نجات دلانے کے لئے منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024