پاکستان میں چینی زبان کے فروغ سے اقتصادی شراکت داری مضبوط ہوگی: شاہ فیصل

03 جنوری 2016

لا ہور (کامرس رپورٹر) پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شاہ فیصل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں چینی زبان کا فروغ چین اور پاکستان کے درمیان ابلاغ عامہ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے خطے میں ایک مضبوط اقتصادی پارٹنرشپ کاسبب بنے گا۔شاہ فیصل آفریدی نے کہا کہ پاک چین جوائینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحت چینی زبان کی ترویج و ترقی کے لئے ان تھک کوششیںکی جا رہی ہیں جبکہ چین کی کاروباری شخصیات ایسی ہی کوششیں چین میں اردو زبان کی ترویج کیلئے کر رہی ہیں۔شاہ فیصل آفریدی نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں تکنیکی تعلیم کے ادارے ٹیوٹا کے اشتراک سے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر چینی زبان کا کورس جاری ہے جس کی کامیابی کے بعد پاک چین جوائینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مذکورہ پراجیکٹ کو ملک کے دیگر شہروں میں بھی منعقد کرے گی۔انھوں نے بتایا کہ اس پروگرام کی کامیابی سے متاثر ہو کر سندھ گورنمنٹ بھی اس طرح کا پروگرام لانا چاہتی ہے تا کہ سندھ کے لوگ بھی چینی زبان سیکھ سکیں ۔انھوں نے سندھ میں موجود تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ بھی چینی زبان کو سکھانے کے مرکز قائم کریں تا کہ زیادہ سے زیادہ طالب علم چینی زبان سیکھ سکیں اور انکی چینی کمپنیوں میں طلب بڑھ سکے۔