خدمت کارڈ انقلاب آفرین قدم ہے: راجہ اشفاق سرور
لاہور (کامرس رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ پنجاب میں خصوصی افراد کی مالی معاونت ، فلاح و بہبود، فنی تربیت و بحالی کا خدمت کارڈ پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا ایک انقلاب آفرین قدم ہے، پہلے مرحلے میں دو ارب روپے کی لاگت سے شرو ع کیے گئے اس خصوصی پروگرام کی بدولت ذہنی و جسمانی معذوری کا شکار افراد کو علاج معالجے یا گزر اوقات کے لیئے کسی کا دست نگر نہیں ہونا پڑے گا اور خصوصی افراد باوقار زندگی گزار سکیں گے، خصوصی افراد کی بحالی کے لیئے حکومت کے علاوہ میڈیا سمیت معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص مخیرحضرات اپنا کردار ادا کریں۔ یہ بات انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں وزیراعلیٰ پنجاب خدمت کارڈ پروگرام کے حوالے سے خصوصی آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار میں ڈاکٹر جمال ناصر، محمد حنیف عباسی، زیب النساءاعوان ، ایم پی اے ، حکیم سید محمد سہارنپوری، یاسر بٹ ، ضیا ءاللہ شاہ ، مقبول احمد خان ، ڈائریکٹر خدمت کارڈ پروگرام پنجاب نوید اکبر،ریزیڈنٹ ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد،ڈائریکٹر تعلقات عامہ راولپنڈی ڈویژن فہیم ممتاز بھی موجود تھے ۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی فلاح و بہبود اور معاشی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور معذور افراد کی معاشی خود کفالت اور انہیں باعزت زندگی گزارنے کے قابل کرنے کے لیئے پنجاب خدمت کارڈ پروگرام سے دو لاکھ خصوصی افراد مستفید ہوں گے اور وہ ہر سہہ ماہی اے ٹی ایم یا پنجاب بنک کے ذریعے 3600/- روپے نکلوا سکیں گے ۔