تنخواہوں کی عدم ادائیگی : سٹیل ملز ملازمین کی 41 ارب 67 کروڑ روپے کی مقروض‘ انتظامیہ نے حکومت سے مدد مانگ لی

03 جنوری 2016
تنخواہوں کی عدم ادائیگی : سٹیل ملز ملازمین کی 41 ارب 67 کروڑ روپے کی مقروض‘ انتظامیہ نے حکومت سے مدد مانگ لی

کراچی(صباح نیوز)6 ماہ سے بند پاکستان سٹیل ملز مسائل کے پہاڑ تلے دب گئی۔ ملز اپنے ہی ملازموں کی اکتالیس ارب سڑسٹھ کروڑ کی مقروض ہو گئی۔ انتظامیہ نے مرمت کیلئے حکومت سے آٹھ ارب بیاسی کروڑ ریٹائرڈ ملازموں کے بقایا جات کیلئے سات ارب انیس کروڑ روپے مانگ لیے۔موصول سرکاری دستاویزات کے مطابق سٹیل ملز مسائل کے پہاڑ تلے دب چکی ہے۔ مسائل کے خاتمے کے لیے سٹیل ملز نے وفاقی حکومت سے مدد مانگ لی ہے۔ دستاویزات کے مطابق سٹیل ملز اپنے ہی ملازمین کی 41 ارب 67 کروڑ سے زائد کی مقروض ہے۔ جون 2015سے گیس کی بندش کے باعث سٹیل ملز کی پیداوار صفر ہے۔ ملز کے ملازمین تین ماہ کی تنخواہوں سے بھی محروم ہیں۔ 30 جون 2015تک سٹیل ملز کے ذمہ ملازمین کے 41 ارب سے زائد کے واجبات ہیں جبکہ پلانٹس کی مرمت کے لیے بھی سٹیل ملز کو 8 ارب 82 کروڑ روپے درکار ہیں جس کے لیے اب سٹیل ملز نے حکومت سے مدد مانگی ہے تاکہ مسائل کو ختم کیا جا سکے۔