وزیراعظم کی اعلان کردہ ایمنسٹی سکیم کا خیر مقدم کرتے ہیں: لاہور چیمبر

03 جنوری 2016

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ ایمنسٹی سکیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے معیشت کی بہتر ی کی جانب درست قدم قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ حکومت کا یہ اہم قدم ٹیکس نیٹ کو وسعت دے گا، حکومت کے محاصل بڑھائے گا اور ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کا نظام ہمیشہ حکومت اور تاجر برادری کے درمیان کشیدگی کا باعث رہا ہے لیکن اس معاملے کے افہام و تفہیم سے حل ہوجانے سے کاروباری فضا بہت بہتر ہوگی۔ حکومت مبارکباد کی مستحق ہے جس نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے تاجر برادری اور معیشت کے مفاد میں اقدامات اٹھائے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ وسیع ہونے سے مستقبل میں ایسی ایمنسٹی سکیموں کی ضرورت نہیں رہے گی لہذا حکومت کے اچھے اقدامات کو کسی اور تناظر میں نہیں دیکھنا چاہیے، کوئی بھی ایسا قدم جس سے ٹیکس دہندگان کو ریلیف ملے، ا±س کا خیر مقدم کیا جانا چاہیے نہ کہ سیاست چمکانے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ نان فائلرز کے لیے ایمنسٹی سکیم آخری قدم تھا لیکن پالیسی میکرز نے یہ فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیا ہوگا۔