چنیوٹ:مویشیوں کی بیماریوں کی تشخیص کیلئے لیبارٹری کا افتتاح
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نسیم صادق کی ہدایات پر چنیوٹ میں میویشیوں کی بیماریوں کی تشخیص کے لئے لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا باقاعدہ افتتاح صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اوقاف و مذہبی امور مہر ثقلین انور سپرا نے کیا ۔ اس موقع پر ای ڈی او زراعت رانا محمد اعظم خان ‘ ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر سجاد حسین بھٹی و دیگر موجود تھے ۔ مہمان خصوصی مہر ثقلین انور سپرا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی معیشت میں لائیو سٹاک سیکٹر کا قابل قدر حصہ ہے اور ضلع چنیوٹ میں لائیو سٹاک کو نمایاں مقام حاصل ہے جس کی ترقی و فروغ کے لئے تشخیصی لیبارٹری کا قیام خوش آئند اقدام ہے ۔ انہوں نے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کی بیماریوں کی صحیح تشخیص اور علاج سے سائنسی بنیادوں پر ان کی صحت کا تحفظ کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے ضلعی محکمہ لائیو سٹاک کے ڈاکٹروں و سٹاف سے کہا کہ وہ مویشی پال حضرات کی بھر پور سرپرستی جاری رکھیں ۔ اس موقع پر ڈی او لائیو سٹاک نے بتایا تشخیصی لیبارٹری کے قیام کا مقصد جانوروں کی بیماریوں کو جڑ سے اکھاڑنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مویشیوں کے علاج معالجہ کے لئے محکمانہ کارروائی میں کمی نہیں کی جائے گی۔