حکومت نے معاشی طور پر مستحکم، جمہوری اور فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھ دی: گورنر پنجاب

03 جنوری 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں موجودہ عوامی حکومت نے معاشی طور پر مستحکم اور عملی طور پر جمہوری اور فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا شمار صفِ اول کی معیشتوں میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی، پاکستان کا وقار اور اعزاز ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے ساتھ ساتھ خطیر زرمبادلہ کے ذریعے ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ پہنچنے پر لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس سے ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب نے ہائی کمیشن کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں ہائی کمیشن کی مختلف ذمہ داریاں اور اُمور کے بارے میں بتایا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مخاصمت کے بجائے مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے کیونکہ تعمیری سوچ کے ساتھ اُٹھایا جانے والا قدم ہی منزل کے حصول کی ضمانت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیر پا امن کے قیام کے لیے بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مساوی تعلقات کا خواہاں ہے اور ہم اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کا دورہ پاکستان ’’دیر آید درست آید‘‘ کی ماند ہے جو یقینا حکومت کی بہتر خارجہ پالیسی اور سفارتکاری کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندوں کے دن گنے جا چکے ہیں، اب دہشتگردوں کا اس ملک میں کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔