شہر میں صاف غذاکی فراہمی کیلئے ریڑھی بانوں کو حفظان صحت کے اصولوں سے آگاہ کیا جائے: کمشنر

03 جنوری 2016

لاہور (خبر نگار) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ شہر میں صاف غذا کی فراہمی کیلئے ریڑھی بانوں کو مکمل طور پر حفظان صحت کے اصولوں سے آگاہ کیا جائے۔ انہو ں یہ بات پنجاب فوڈ اتھارٹی اور اخوت کی جانب سے کمشنر آفس میں ماڈل ریڑھیوں کیلئے منتخب ریڑھی بانوں کی تر بیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کمشنر نے کہا کہ ریڑھی بانوں کیلئے ورکشاپ کا انعقاد اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے کہ وہ شہریوں کو صاف ستھری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کیلئے آگاہی حاصل کریں تاکہ ہم ایک صحت مند معاشرے کی طرف سفر شروع کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ 7جنوری کو 29ماڈل ریڑھیاں منتخب ریڑھی بانوں کو دی جائیں گی، یہ ریڑھی بان پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات اور ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے مقررہ کردہ بازاروں میں ریڑھیاں لگائیں گے۔ اس موقع پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ثاقب منیر اور اخوت سے شرجیل احمد نے تربیتی ورکشاپ میں شریک ریڑھی بانوں کو بریفنگ دی۔