کم آمدن والوں کے لئے50 ہزار گھروں کی تعمیر، پنجاب حکومت کا ترک ادارے سے معاہدہ

03 جنوری 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن وامان کی فضا کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ امن عامہ کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے گئے ہیں اورامن وامان کی بہتری کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔ قائداعظمؒ کے پاکستان میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں اور آج پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے مکمل صفایا کیلئے یکسو اور متحد ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کالعدم تنظیموں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کیخلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھی جائے، نفرت انگیز تقاریر کسی صورت برداشت نہیں اور ایسی تقاریر کرنیوالوں کے خلاف قانون کے تحت بلاامتیاز کاروائی کی جائے، دہشت گردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے، دہشت گردی، انتہاپسندی اورفرقہ واریت کیخلاف ہر محاذ پر فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے۔ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کا پوری قوت سے قلع قمع کیا جائیگا اور دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی، دہشت گردی کیخلاف جنگ جیتنے کیلئے مخصوص مائنڈ سیٹ کا خاتمہ کرکے دم لیں گے اور پُرامن معاشرے کی تشکیل کیلئے دہشت گردی او رانتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور اس ضمن میں آخری حد تک جائیں گے۔ علاوہ ازیںپنجاب حکومت اورترکی کے ہاؤسنگ سیکٹر کے معروف ادارے کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے جس کے مطابق ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ ایڈمنسٹریشن ترکی پنجاب میں کم لاگت کے 50 ہزار گھروں کی تعمیر کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کریگا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب کے مہان خصوصی وزیراعلیٰ شہبازشریف تھے۔ شہبازشریف نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب حکومت اورترکی کے ہاؤسنگ سیکٹر کے مایہ ناز سرکاری ادارے کے مابین طے پانے والا معاہدہ خوش آئند ہے۔ اس ماڈل کے تحت گھر تیار کر کے آسان قسطوں پر دیئے جاتے ہیں۔ ہم ہاؤسنگ سیکٹر میں انکے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔ پاکستان اورپنجاب میںغریب لوگوں کیلئے کم لاگت ہاؤسنگ سکیموں کا فقدان ہے۔ امرا اور اشرافیہ کیلئے تو رہائشی سکیمیں بنتی رہی ہیں لیکن عام آدمی کیلئے کسی نے نہیں سوچا۔ وزیراعلیٰ نے ترک صدر اور وزیراعظم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ نوازشریف کی سربراہی میں توانائی بحران کیلئے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔