بھارت میں 78 ہزار بھکاری تعلیم یافتہ‘ 410 پوسٹ گریجویٹ ہیں

03 جنوری 2016

کراچی (سٹاف رپورٹر) بھارت میں تازہ ترین مردم شماری سے انکشاف ہوا ہے کہ 3 لاکھ 72 ہزار بھکاریوں میں سے اکیس فیصد سینئر سیکنڈری سکول پاس ہیں۔ 3 ہزار سے زائد کے پاس پروفیشنل ڈپلومہ ہے اور 410 کے پاس ماسٹرز ڈگری اور انجینئرنگ کی ڈگریاں ہیں۔ بھارت نے 2011ء کی مردم شماری پر مبنی نان ورکرز بائی مین ایکٹیویٹی، ایجوکیشن لیول اینڈ سیکس کے حوالے سے پچھلے دنوں اعدادو شمار جاری کئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق ملک میں بھکاریوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 72 ہزار ہے۔ ان میں21 فیصد یعنی تقریباً 78 ہزار بھکاری سینئر سیکنڈری سکول امتحان یا بارہویں درجہ پاس ہیں جبکہ تقریباً 3 ہزار کے پاس تکنیکی ڈپلومہ یا سرٹیفکیٹ ہے۔ اسکے علاوہ 410 بھکاری ایسے بھی ہیں جن کے پاس انجینئرنگ یا پوسٹ گریجویٹ ڈگریاں ہیں۔ ان 410 پوسٹ گریجویٹ بھکاریوں میں 137 خواتین بھی شامل ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے آبائی صوبے گجرات میں بھی، جسے بالعموم ترقی کے ماڈل کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، ماسٹرز ڈگری رکھنے والے 11 بھکاری موجود ہیں۔