اورنج لائن ٹرین سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کی جائے: میاں مقصود

03 جنوری 2016

لاہور ( سپیشل رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ اورنج ٹرین ایک اچھا منصوبہ ہے مگر ملتان روڈ اور دیگر علاقوں میں جگہ جگہ کھودائی اور ٹھیکیداروں کی جانب سے بروقت مٹی کوٹھکانے نہ لگانے کی وجہ سے عوام سانس کی بیماریوں میں مبتلاء ہورہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب اس کانوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام جوغفلت کامظاہرہ کررہے ہیں کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائیں۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کام اور منصوبے دنیا بھر میں ہوتے ہیں مگر وہاں کی حکومتیں عوام کی سہولت کے لئے متبادل انتظام کرتی ہیں تاکہ لوگوں کواذیت کاسامنا نہ کرنا پڑے مگر پاکستان میں صورتحال یکسر مختلف ہے۔سڑکوں پرگھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے۔چند منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔معمولات زندگی انتہائی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ متاثرین کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ اورنج ٹرین لائن سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں کوجلدازجلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔