نیشنل ہاکی چیمپئن شپ: واپڈا‘ نیشنل بنک‘ پی آئی اے کی ٹیمیں کامیاب

03 جنوری 2016

کراچی (سپورٹس رپورٹر) نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کے نویں روز واپڈا ،سوئی گیس ،نیشنل بینک اور پی آئی اے نے میچز جیت لیے ۔توثیق حیدر، ارسلان قادر اور دلبر حسین نے ہیٹ ٹرکس سکور کیں ۔واپڈا نے پی ٹی وی کو 4-1سے مات دی ۔فاتح ٹیم کی جانب سے ایم جعفر ،سہیل عباس ،رانا عمیر اور ایم عثمان نے ایک ایک گول سکور کیا ۔سوئی سدرن گیس اور آرمی کے مابین دو دو گول سے برابر رہا۔ سوئی گیس نے زیشان بخاری کے گول کی بدولت سبقت لی جسے آرمی کے ایم عمران نے پنالٹی کارنر پر برابر کیا ،سوئی گیس نے عادل لطیف کے گول کی بدولت برتری حاصل کی جسے آرمی کے رضوان نے برابر کیا ۔سوئی گیس نے6اور آرمی نے پانچ پنالٹی کارنر لیے ۔تیسرے میچ میں نیشنل بینک نے پولیس کو 16-0سے نشان عبرت بناڈالا ۔فاتح ٹیم کے توثیق حیدر،ارسلان قادر اور دلبر حسین نے ہیٹ ٹرکس بنائیں جبکہ بلال قادر اور ایم رضوان نے دو دو گول سکور کیے۔پولیس کے ایم عامر ،ایم عتیق اور اظفر یعقوب نے ایک ایک گول سکور کیا ۔نیشنل بینک نے9پنالٹی کارنر حاصل کئے جن پر پانچ گول کئے جا سکے ۔گزشتہ روز چوتھے اور آخری میچ میں پی آئی اے نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو6-2سے مات دے دی ۔فاتح ٹیم کی جانب سے احسان اللہ نے دو جبکہ رانا سہیل ،ایم عرفان ،اویس الرحمان اور وسیم اکرم نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ ایچ ای سی کی جانب سے ایم عابد اور فرید منصور نے ایک ایک گول کیا۔ چیمپئن شپ میں آج مزید تین میچز کھیلے جائیں گے ۔پورٹ قاسم کا مقابلہ ریلویز سے ،پی اے ایف کا مقابلہ نیوی سے اور واپڈا کا مقابلہ کسٹمز سے ہوگا۔