فرسٹ کلاس کرکٹ میں سپورٹنگ پچز کی تیاری کیلئے ضروری اقدامات کا فیصلہ

03 جنوری 2016

لاہور (نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں سپورٹنگ پچز کی تیاری کے لیے ضروری اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ملک بھر میں فرسٹ کلاس کا درجہ رکھنے والے گراؤنڈز کی پچز کے معیار پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان کو بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں پچز کے بے جان ہونے پر سخت تشویش ہے۔ بورڈ چیئرمین کی طرف متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کو ایک خط بھی لکھا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے چیئرمین پی سی بی یہ سمجھتے ہیں کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بے جان وکٹوں پر کھیلنے کی پختہ عادت کے بعد پاکستانی کرکٹرز کو بین الاقوامی سطح پر سپورٹنگ اچھی وکٹوں پر کھیلتے ہوئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مصباح الحق کی تجویز پر آئندہ فرسٹ کلاس سیزن میں ملک بھر میں سپورٹنگ وکٹیں تیار کرنے پر کام کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ کمیٹی کی آئندہ میٹنگ میں پچز کے موجودہ معیار کے حوالے سے مختلف معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی تجاویز پر غور کرتے ہوئے وکٹوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ماہرین سے تجاویز طلب کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے ملک میں صرف چند گراؤنڈز میں پچز کو بہترین قرار دیا تھا جن گراؤنڈز میں سپورٹنگ پچز تیار ہو رہی ہیں وہاں کے سٹاف سے بھی رپورٹ طلب کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی اوت معیاری پچز کی تیاری کے لیے غیر ملکی ماہرین سے بھی تجاویز لی جا سکتی ہیں۔ کرکٹ کمیٹی کو اس مسئلے کے مناسب اوت پائیدار حل کے لیے ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔