سری لنکا کیساتھ تجارتی معاہدے میں سروسز کو شامل کرنے کا فیصلہ
لاہور (احسن صدیق) پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے میں سروسز کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل دونوں ممالک میں اشیا کا آزادانہ تجارتی معاہدہ تھا۔ وفاقی وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق اس معاہدے کا اعلان وزیراعظم نوازشریف کے 4 سے 6 جنوری کے دورہ سری لنکا کے موقع پر کیا جائیگا۔ وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر وزیراعظم کے ہمراہ جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا پاکستان اور سری لنکا کے مابین 2 مفاہمتی معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے جن میں سے ایک ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان اور سری لنکا کے تجارت کو فروغ دینے کے ادارے کے مابین ہوگا۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کے مابین تجارتی وفود نے تبادلے ہوں گے اور تجارتی نمائشوں کا انعقاد کیا جائیگا۔ دوسرا معاہدہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن اور سری لنکا کے قیمتی پتھروں کو تراشنے اور انکے زیورات بنانے والے ادارے کے مابین ہوگا۔ اس معاہدے کے تحت طلبہ سری لنکا میں تربیت حاصل کریں گے۔ دونوں ملکوں کے سیکرٹریز تجارت کے مابین چھٹے تکنیکی مذاکرات بھی ہوں گے۔