طیارہ حادثہ کیس: دہشت گردی کی دفعات کس بنیاد پر لگائی گئیں: عدالت
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) طیارہ حادثہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت نے 7 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔ ملزم پائلٹ عصمت محمود کیخلاف 7 جنوری کو فردجرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔ کیپٹن عصمت محمود کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ انکے موکل کی میڈیکل رپورٹ دی جائے۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ کیس کے حوالے سے مزید دو رپورٹس آنا باقی ہیں۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ اس مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات کس بنیاد پر لگائی گئی ہیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کو پائلٹ کے بیان کے مطابق ان سے کمانڈ چھین کر اسے آٹو پر کردیا گیا تھا جس کے باعث مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ملزم نے وارننگ کے باوجود 3 ہزار کی بجائے 5 ہزار فٹ کی بلندی سے لینڈنگ کی۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد چالان کی نقول ملزم کے وکیل کے حوالے کردیںاور میڈیکل رپورٹ بھی دینے کا حکم دیا۔