بھارتی جیلوں سے 189 پاکستانی لاپتہ‘ قیدیوں کی فہرست سے نام غائب

03 جنوری 2016

کراچی (این این آئی) بھارت کی جیلوں میں قید 189 پاکستانی لاپتہ ہو گئے ہیں۔ واقعے کا انکشاف دونوں ملکوں کی جانب سے قیدیوں کی فہرستوں کے تبادلے سے ہوا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس وقت بھارت کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی تعداد 271 ہے۔ ان میں 13 ماہی گیر بھی شامل ہیں جبکہ پاکستان نے اپنے قیدیوں کی جو فہرست بھارت کو دی ہے۔ اس میں 113 ماہی گیروں سمیت 460 دیگر پاکستانی قیدی ہیں۔ بھارت کی جانب سے پیش کردہ فہرست میں قیدیوں کی تعداد کم ہونے پر پاکستانی حکام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ 25 جنوری سے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ 2008ء سے پاکستان اور بھارت ایک معاہدے کے تحت سال میں 2مرتبہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کرتے ہیں۔