بھارتی پنجاب: عدالت کے باہر چائے بیچنے والے کی بیٹی مقابلے کا امتحان پاس کر کے اسی جگہ جج لگ گئی

03 جنوری 2016

نئی دہلی(آئی این پی+ نیٹ نیوز) بھارت میں عدالت کے باہر چائے فروخت کرنیوالے کی بیٹی اسی عدالت کی جج لگ گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع جالندھر میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ کمپلیکس کے باہر سریندر کمار طویل عرصے سے چائے فروخت کررہا ہے لیکن اس نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ اسی عدالت کے اندر جا کر ایک دن اسکی بیٹی جج کے فرائض انجام دیگی۔ 23 سالہ شروتی نے سول سروس کا امتحان پاس کر کے جوڈیشل اکیڈمی میں ایک سال کی تربیت حاصل کی اور اب وہ لوگوں کو انصاف فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ہمیشہ سے ہی قانون کے پیشے سے منسلک ہونا چاہتی تھی اور دل میں جج بننے کی خواہش تھی جس کی تکمیل کیلئے دن رات محنت کی۔ شروتی کے اعزاز میں مقامی عمائدین، لوگوں اور ارکان اسمبلی نے پارٹی دی اور اسے پنجاب کا فخر قرار دیا۔