مہنگائی 3.2 فیصد بڑھی، ادارہ شماریات: لاہور میں 11 سبزیاں، 9پھل مہنگے ہوئے

03 جنوری 2016

؎لاہور/ کراچی (کامرس رپورٹر+ آن لائن) لاہور میں گذشتہ ہفتے پرچون سطح پر 11 سبزیوں کی قیمتوں میں 12 روپے تک، 9 پھلوں کی قیمتوں میں 6 روپے تک اور ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 19 روپے تک اضافہ ہوا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سبزیوں میں ایک کلو پیاز کی قیمت ایک رورپے اضافے سے 36 روپے، لہسن دیسی 4 روپے اضافے سے 228، ادرک چائنہ 9 روپے اضافے سے 123، بینگن ایک روپے اضافے سے 25، مونگرے 7 روپے اضافے سے 33، لیموں چائنہ 4 روپے اضافے سے 51، کھیرا 4 روپے اضافے سے 55، گھیا کدو 6 روپے اضافے سے 26، بھنڈی 9 روپے اضافے سے 62، کینو درجن 4 روپے اضافے سے 62، مالٹا شکری 3 روپے اضافے سے 83، فروٹر دوم 2 روپے اضافے سے 42، مالٹا 5 روپے اضافے سے 47، کیلا 2 رورپے اضافے سے 44 روپے جبکہ ایک کلو سیب مشہدی 2 روپے اضافے سے 44، امرود 2 روپے اضافے سے 53 روپے ہو گیا۔ ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 19 روپے اضافہ ہوا اور اسکا ریٹ 184 روپے سے بڑھ کر 203 روپے ہو گیا۔ آن لائن کے مطابق دسمبر 2015ء کے دوران صارف قیمتوں کے اعشاریے (سی پی آئی) کی بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 3.2 فیصد کا سال بہ سال اضافہ ہوا جبکہ نومبر 2015ء میں شرح2.7 فیصد اور دسمبر 2014ء میں 4.3 فیصد رہی تھی۔ پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر دسمبر میں انفلیشن میں 0.6 فیصد کمی آئی جبکہ نومبر میں یہ شرح 0.6 فیصد اور دسمبر 2014ء میں یہ ایک فیصد کم ہوئی تھی۔ اشیائے خوراک کی قیمتوں میں گزشتہ ماہ سالانہ بنیادوں پر 2.7 فیصد اضافہ جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 1.6 فیصد کمی ہوئی خاص طور پر جلد تلف ہو جانے والی اشیائے خوراک کی قیمتوں میں نومبر کے مقابلے میں 16.19 فیصد کمی آئی، نان فوڈ اشیا کی قیمتیں دسمبر 2015 میں سالانہ بنیادوں پر 3.6 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 0.2 فیصد بڑھیں۔ رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ میں سی پی آئی بیسڈ افراط زر کی شرح کم ہو کر اوسطاً 2.08 فیصد رہ گئی۔ نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں کھانے پینے کی اشیا میں سے سگریٹ 7.24 فیصد، دال ماش 6.08، انڈے 3.74، مرغی2.91، چائے 2.16، گندم 1.91، کابلی چنا 1.9، خشک میوے1.44 اور بیسن کی قیمتوں میں 1.32 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ ٹماٹر 27.42 ، پیاز 16.55، آلو 15.24، چینی 5.08، گڑ 4.60، تازہ پھل 3.84 اور چاول کی قیمتوں میں 1.07 فیصد کمی آئی، نان فوڈ اشیا میں سے ماہانہ بنیادوں پر دسمبر میں اونی ریڈی میڈ گارمنٹس 2.41 فیصد، پوسٹل سروسز 2.11، بلیڈز 2.04، کاسمیٹکس 1.74 اور لانڈری چارجز میں 1.05 فیصد اضافہ ہوا جبکہ کسی نان فوڈ آئٹم کی قیمت کم نہیں ہوئی۔ سالانہ بنیادوں پر پیاز 112فیصد، دال چنا57، بیسن 52، دال ماش 48، ٹماٹر 26، سگریٹ 26 اور کابلی چنا 24 مہنگا ہوا جبکہ آلو، چاول، پکانے کا تیل، ویجیٹیبل گھی اور انڈے بالترتیب 25، 17، 16، 11 اور 9 فیصد سستے ہوئے، نان فوڈ اشیا میں سے سلائی والی سوئی 9.93 فیصد، گیس 9.92، تعمیراتی اجرتیں 9.15، تعلیمی اخراجات 8.78 اور ٹیلرنگ چارجز8.69 بڑھے جبکہ کمی صرف مٹی کے تیل13.32 فیصد اور موٹر فیول میں 8.09 کی ہوئی۔ پہلی ششماہی میں حساس قیمتوں کے اشاریے پر مبنی افراط زر کی شرح میں 0.26 فیصد کا اضافہ اور ہول سیل پرائسز کی بنیاد پرانفلیشن میں 2.35 فیصد کمی ہوئی۔