ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے۔ لاہور اور کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں عزاداران کے جلوس برآمد ہورہے ہیں۔
نواسہ رسول حضرت امام حسین اوردیگر شہدائے کربلا کے چہلم پر ملک بھر میں ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش جارہا ہے۔لاہور میں ماتمی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں نثار حویلی، کشمیری گیٹ، سنہری مسجد اور بازار حکیمہ سے ہوتا ہوا رات کو کربلا گامے شاہ میں اختتام پزیر ہوگا۔ کوئٹہ میں چہلم کا مرکزی ماتمی جلوس رحمت چوک علمدار روڈ سے برآمد ہوا جو امام بارگاہ بہشت زينب قبرستان پر اختتام پذير ہوگا۔ ہنگو سے مرکزی جلوس محلہ سیداں سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سےنکالا جارہا ہے جو ایم اے جناح روڈ سے گذرتا ہواامام بارگاہ حسینینہ ایرانیہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ راولپنڈی میں امام بارگاہ سید عاشق حسین شاہ تیلی محلہ، امام بارگاہ سید حفاظت علی شاہ نیو صرافہ بازار، حسینی منزل درگاہ شاہ چن چراغ ، امام بارگاہ بلتیہ اصغر مال روڈ اور امام بارگاہ یادگار حسین سٹیلائیٹ ٹاؤن سے ذوالجناح علم اور تعزیے کے جلوس برآمد ہورہے ہیں۔ پشاور میں سیدالشہدا کے چہلم کے مرکزی جلوس امام بارگاہ حسین آباد اندرون کوہاٹی گیٹ اور امام بارگاہ اخوند آباد کوچہ رسالدار سے برآمد ہوکر قصہ خوانی بازار، پیپل منڈی اور چڑی کوبان کے روایتی راستے سے گزرنے کے بعد نماز مغربین کے وقت اپنی منزل کوچہ رسالدار پر پہنچیں گے۔ حیدرآباد ، سکھر میرپور خاص ، ملتان ، فیصل آباد ، راولپنڈی ، گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ماتمی جلوس برآمد ہورہے ہیں اورمجالس کا اہتمام بھی کای گیا ہے۔ شہدائے کربلا کے چہلم پر ملک بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور جلوس کی گذرگاہوں کو سیل کردیا گیا ہے جلوس کے شرکا کو میٹل ڈیٹکیٹر سے سرچنگ کے بعد جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے۔