لاہور (نوائے وقت رپورٹ) جلو وائلڈ لائف پارک میں اتوار کی صبح ایک سفید ٹائیگر اچانک پنجرے سے باہر نکل آیا۔ جس سے خوف و ہراس پھیل گیا تاہم محکمہ وائلڈ لائف کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹائیگر کو بے ہوش کر کے بحفاظت واپس پنجرے میں منتقل کر دیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور ریجن ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق، یہ واقعہ صبح 9 بجے اس وقت پیش آیا جب شیروں کی دیکھ بھال پر مامور ملازم شریف مسیح نے مبینہ طور پر جان بوجھ کر پنجرے کا دروازہ کھلا چھوڑ دیا۔ اس غیر ذمہ دارانہ حرکت پر شریف مسیح کے خلاف تھانہ باٹا پور میں مقدمہ درج کروا دیا گیا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ڈی جی وائلڈ لائف نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جس میں ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف لاہور اور سفاری پارک کے ویٹرنری آفیسر شامل ہیں۔ کمیٹی 12 گھنٹے کے اندر انکوائری مکمل کرے اور رپورٹ پیش کرے گی۔
جلو پارک: ملازم نے پنجرا کھلا چھوڑ دیاشیر باہر نکل آیا‘ خوف و ہراس
Feb 03, 2025