مراکش کشتی حادثہ  ‘     3  انسانی سمگلر شیخوپورہ‘ فیصل آباد‘ منڈی بہاؤالدین سے گرفتار

Feb 03, 2025

فیصل آباد + منڈی بہاؤالدین (نمائندہ خصوصی + این این آئی) سمندر کے راستے شہریوں کو مراکش سے یورپ بھجوانے میں ملوث ملزم سمیت 2 انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزموں کی شناخت عمر حیات اور محمد نعیم کے نام سے ہوئی، جنہیں ایف آئی اے ٹیم نے فیصل آباد اور شیخوپورہ سے حراست میں لیکر بازپرس شروع کر دی۔ ملزم عمر حیات نے شہری کو یورپ بھجوانے کے نام پر 57لاکھ روپے وصول کر کے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر وزٹ ویزے پر مختلف ممالک سے موریطانیہ بھجوایا۔ جبکہ دوسرے ملزم محمد نعیم نے شہریوں کو سعودی عرب ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر 21لاکھ روپے بٹورے اور سعودی عرب نہ بھجوایا اور رقم لیکر روپوش ہو گیا تھا۔ دریں اثناء ایف آئی اے نے مراکش کشتی حادثے میں ملوث ملزم کو منڈی بہاؤالدین سے گرفتار کر لیا۔ انسانی سمگلر نے منڈی بہائوالدین کے رہائشی سے 50 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ شہری مراکش کشتی حادثے میں جاں بحق ہو گیا تھا۔

مزیدخبریں