ٹی ٹونٹی سیریز , جنوبی افریقہ کا ٹی ٹونٹی سکواڈ لاہور پہنچ گیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں حصہ لینے کے لیے جنوبی افریقہ کا ٹی ٹونٹی سکواڈ لاہور پہنچ گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے لاہور ائرپورٹ پر مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا گیا۔ جنوبی افریقہ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو علامہ اقبال ائر پورٹ سے سخت سکیورٹی میں لاہور کے مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں لایا گیا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے میچز 11، 13 اور 14 فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان تین میچز کی سیریز کی تیاری کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت دونوں ٹیمیں 5 فروری سے باقاعدہ پریکٹس کا آغاز کرینگی۔ جنوبی افریقہ کے لاہور پہنچنے والے کھلاڑی نے پی سی بی کے بائیو سکیور ببل کو جوائن کر لیا ہے جہاں مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کے کوویڈ 19 ٹیسٹ بھی لیے جائیں گے جن کے نتائج کی روشنی میں کھلاڑیوں کو پریکٹس کرنے کی اجازت دی جائے گی۔