اٹلی کے شہر وینس میں دوسری عالمی جنگ کے زمانے کا بم ملنے کے بعد شہر بند

سیاحوں میں مقبول ترین شہروں میں شمار ہونے والے اطالوی شہر وینس میں دوسری عالمی جنگ کے زمانے کا ایک بم ملنے کے بعد شہر کی ٹریفک اور فضائی حدود بند کر دی گئیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اطالوی شہر وینس میں دوسری عالمی جنگ کے زمانے کا ایک بم اس وقت ملا جب شہر میں نکاسی آب کے نظام کی مرمت کی جا رہی تھی۔ اطالوی حکام نے اس بم کی نشاندہی کے بعد اسے وہاں سے ہٹانے اور ناکارہ بنانے کے لیے فوری اقدامات شروع کر دئیے۔بم ناکارہ بنانے کے لیے صبح ساڑھے آٹھ بجے سے لے کر بعد دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک کے لیے شہر میں ٹرینوں، کشتیوں اور گاڑیوں سمیت نقل و حرکت کے تمام ذرائع بند کر دیے گئے۔ علاوہ ازیں اس مشہور سیاحتی مقام کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تمام پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں اور ہوائی ٹریفک بھی معطل کر دی گئی۔وینس میں ہر روز ہزاروں سیاح سفر کرتے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق بم ناکارہ بنائے جانے کے بعد ٹریفک کھول دی جائے گی، تاہم پولیس نے سیاحوں کو خبردار کیا کہ ٹریفک کھولے جانے کے بعد بھی پبلک ٹرانسپورٹ کو معمول کے مطابق چلنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔