لاہور: ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری مشتاق احمد کے رخصت پر ہونے کے باعث کاز لسٹ منسوخ کردی گئی۔ مریم نواز کی پاسپورٹ واپس کرنے اور نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواستوں پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی ہوگئی۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی کی بیرون ملک روانگی کیلئے پاسپورٹ واپسی اور نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت نہ ہوسکی۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ کے رکن جسٹس مشتاق احمد کے رخصت پر ہونے کے باعث کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ مریم نواز سمیت نیب کے دیگر مقدمات کی سماعت کر رہا تھا۔
نائب صدر مسلم لیگ نون مریم نواز کی جانب سے دائر درخواست میں وزارت داخلہ، چئیرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مریم نواز کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ وہ اپنی والدہ کو کھو چکی ہیں، والد بستر مرگ پر ہے۔ والد کو اب کھونا نہیں چاہتی۔ نیب ریفرنس میں سزا کے باوجود بیمار والدہ کو چھوڑ کر بیرون ملک سے والد کے ساتھ واپس آئی۔ موقف سنے بغیر نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔ نواز شریف کی بیماری کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوں۔ ان کی دیکھ بھال کے لئے بیرون ملک جانا چاہتی ہوں۔ عدالت وفاقی حکومت کو پاسپورٹ واپسی اور نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔