K-4منصوبے کی تکمیل کے لئے تمام اقداماتا کئے جائیں ‘ہاشم رضا
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضازیدی نے کہا ہے کہ کراچی کو اضافی پانی کی فراہمی کا عظیم تر منصوبہ کے فورملک خصوصاً کراچی اور کراچی کے شہریوں کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے ، اس کی جلد ازجلد تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ، منصوبہ کیلئے مختص اراضی کو ناجائز تجاوزات سے محفوظ رکھنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں ،جاری کام کی رفتار میں اضافہ اور معیاری کام کی ضمانت نہایت ضروری ہے ، یہ بات انہوںنے کے فور کے نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر اسد ضامن ،کے فور پروجیکٹ کے حکام اور کنسلٹنٹ فرم عثمانی اینڈ کے ساتھ منعقدہ تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ایچ آر ڈی اینڈ اے و آر آر جی اختر غوری ، سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر کے فور سلیم صدیقی ،عثمانی اینڈ کو کے کرنل (ر) اجمل رشید ، امیر علی وسان ، شوکت میمن اور دیگر نے شرکت کی ،ایم ڈی واٹربورڈ نے مزید کہا کہ کے فور پروجیکٹ پر جاری کام کی رفتار میں مزید تیزی ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ اگر کے فور پروجیکٹ کو قومی منصوبہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا ،ملکی معیشت کا دارومدار کراچی کی معیشت پر منحصر ہے اور کراچی کی معیشت کے لئے کے فور پروجیکٹ نہایت اہمیت کا حامل ہے ، انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو کہا کہ وہ کے فور کے حکام، کونٹریکٹر ایف ڈبلیو او اور کنسلٹنٹ فرم عثمانی اینڈ کو کے ساتھ کے فور پروجیکٹ کا جلد از جلد دورہ کریں اور اب تک ہونے والے کام کا معائنہ کریں۔