ٹریفک حادثات میں 22 سالہ نوجوان جاں بحق، 10 افراد زخمی
لاہور/ فیروز والا (نامہ نگاران) ٹریفک حادثات میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔ چوہنگ کے علاقے ملتان روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی نے بے قابو ہو کر موٹرسائیکل سوار 22سالہ نامعلوم نوجوان کو کچل ڈالا جس سے نوجوان موقع پر ہی ہلا ک ہو گیا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ہے۔ پولیس نے نعش شناخت نہ ہونے پر مردہ خانے منتقل کر کے لواحقین کی تلاش شروع کر دی ہے۔ دھرم پورہ کینال روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی اور کار میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں کار سوار شدید زخمی اور کار تباہ ہو گئی جبکہ ڈرائیور ٹریکٹر ٹرالی چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا ہے۔ حادثے کے بعد بیجنگ انڈرپاس سے دھرم پورہ تک شدید ٹریفک جام رہی۔ لاہور روڈ کی آبادی ٹول پلازہ کے قریب ٹرک اور ویگن کے درمیان تصادم میں ویگن سوار سات افراد زخمی ہوگئے۔ بیگم کوٹ عبدالمالک کے قریب ٹرک نے موٹر سائیکل دو افراد کو روند ڈالا جس کے نتیجہ میں فیاض حسین اور نعمان زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔