ہمیں اپنی عمارتی ثقافت کو آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ رکھنا ہے: شاہد خاقان
لاہور (ا ین این آئی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمارے خطے کی تاریخی عمارتیں ایک الگ شناخت رکھتی ہیں ، ہمیں اپنی عمارتی ثقافت کو آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ رکھنا ہے، آرکیٹیکچرز کو تعمیراتی ورثے کے تحفظ اور بحالی پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے،بالخصوص کوالٹی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، انجینئرز عمارتوں کی نقشہ سازی میں موسمی اثرات کو بھی مدنظر رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز بلڈنگ میٹریل اینڈ پروڈکٹ ایکسپو 2018ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے نمائش کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ آرکیٹیکچرز نے ملک میں فن تعمیر کو بہت نمایاں کیا ہے اور آرکی ٹورازم اس کی ایک مثال ہے، پاکستان میں بلڈنگز کی تعمیر کے وقت بین الاقوامی قوانین کو مدنظر نہیں رکھا جاتا اور یہ آرکیٹیکچرزکی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف اس کا خیال رکھیں بلکہ اس پرعملدرآمد کویقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سالہاسال سے بہت تعمیرات ہوئی ہیں لیکن آرکیٹیکچرز کی طرف سے مناسب توجہ نہیں دی گئی،کم قیمت ہائوسنگ کامطلب ہر گزیہ نہیں کہ کوالٹی بھی کم ہو۔ محنت، دلجمعی، یکسوئی اور بھرپور توجہ کے ذریعے کم قیمت سے بہترین ومعیاری تعمیرات ممکن ہوسکتی ہیںاور مطلوبہ نتائج بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک بلڈنگز، پارکس، سٹرکیں، ہائی ویز آرکیٹیکچرز کا بہترین نمونہ ہیں جس میں بہتری کی گنجائش موجود ہے اور اس پرمزید توجہ دی جانی چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان موجود ہے،اس لئے آرکیٹیکچرزکو ملک کے اندرموجودتعمیراتی ورثے کے تحفظ اور بحالی پر بھی بھرپور توجہ دینی چاہیے، بالخصوص کوالٹی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مستقبل میں فن تعمیر کے شعبے میں بہت ترقی ہو گی اور ملک میں اچھی تعمیرات دیکھنے کو ملیں گی اس لئے پاکستان میں آرکیٹیکچرزکا مستقبل وسیع اور بہترین ہوگا۔ تقریب کے اختتام پرچیئرمین انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان یوسف غوری نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سوینیئر پیش کیا۔