نوازشریف، مریم توہین عدالت کے ماسٹر مائنڈ باقی رہنما قربانی کے بکرے ہیں: عمران
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان کی زیر صدارت کور گروپ تحریک انصاف کا اجلاس ختم ہوگیا جس میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چودھری، عمران اسماعیل، عثمان ڈار، اعظم سواتی اور افتخار حرانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں خواجہ آصف نااہلی کیس کی جلد سماعت کیلئے درخواست دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عمران ڈار جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دیں گے۔ سینٹ انتخابات کیلئے حکمت عملی اور ٹکٹوں کی تقسیم پر مشاورت کی گئی۔ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی خبروں پر بھی اظہار تشویش کیا گیا۔ پنجاب میں مسلم لیگ ن ہارس ٹریڈنگ کر رہی ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی ہارس ٹریڈنگ کر رہی ہے۔ تحریک انصاف ہارس ٹریڈنگ معاملے پر الیکشن کمشن کو خط لکھے گی۔ لیگی رہنمائوں کیخلاف توہین عدالت نوٹسز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ توہین عدالت کے مرتکب لیگی رہنما قربانی کے بکرے ہیں۔ نواز شریف اور مریم نواز توہین عدالت کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔ نواز شریف اور مریم نواز روزانہ عدالتوں پر تنقید کرتے ہیں۔