امن وامان کی صورتحال بہتر ‘فیکٹ فائنڈنگ مشن پاکستان آئیگا
کراچی( کامرس رپورٹر) سوئٹزرلینڈ کے قونصل جنرل فلپ کروازئر نے کہا ہے کہ کاروباری مواقع کا جائزہ لینے جلد سوئز فیکٹ فائنڈنگ مشن پاکستان کا دورہ کرے گا، امن و امان کے حوالے سے صورت حال اطمینان بخش ہے، پاکستانی معیشت میں بہتری نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے دورے کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور کے سربراہ مسعود نقی، کاٹی کے نائب صدر جنید نقی، سابق صدور راشد صدیقی، فرخ مظہر ، جورڈن جیمز اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ سوئز قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ سوئٹزلینڈ کی برآمدات کا غالب حصہ اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز سے آتا ہے، ہم معاشی طور پر دنیا کے مستحکم ترین ممالک، تیزی سے ترقی کرتی معیشتوں اور خطے کے ممالک سے کاروباری روابط بڑھا رہے ہیں، ان روابط کا مزید پھیلاؤ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوئٹزر لینڈ کے سرمایہ کار پاکستان میں کاروباری مواقع میں دل چسپی رکھتے ہیں،جلد ہی فیکٹ فائنڈنگ مشن اس سلسلے میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ قبل ازیں کاٹی کے سابق صدر اور قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور کے سربراہ مسعود نقی نے سوئز قونصل جنرل کا خیر مقدم کیا اور انہیں کورنگی صنعتی علاقے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ مسعود نقی نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزر لینڈ کے مابین تجارتی حجم کے پلڑے کا جھکاؤ سوئٹزر لینڈ کی جانب ہے لیکن یہ امر خوش آئند ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت میں ہر گزرتے سال کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔ اجلاس میں جنید نقی، راشد صدیقی اور فرخ مظہر نے بھی دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات سے متعلق اظہار خیال کیا۔