گوادر بندرگاہ پاک چین تعاون کی روشن مثال ہے ،چینی سفیر
اسلام آباد(کامرس ڈیسک)گوادر بندرگاہ پاکستان اور چین کے گہرے دوطرفہ تعاون اور شراکت داری میں ایک روشن مثال کا کردار ادا کرے گی۔جو عام لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کا باعث بنے گی۔گوادر بندرگاہ کی ترقی بیلٹ اینڈروڈ منصوبے کے اصولوں کی روشنی میں کی گئی ہے۔جس سے دونوں ممالک کو زبردست فائدہ حاصل ہوگا۔جبکہ سی پیک جو بیلٹاینڈروڈ منصوبے کا پرچم بردار منصوبہ ہے تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے گوادر ایکسپو کو 2018کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عزم اور محنت کے ساتھ گوادر کی بندرگاہ رابطے کاروباری سرگرمیوں ، بلوچستان ،پاکستان اور خطے کے عوام کے لیے زبردست منافع ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا سی پیک کے آغاز اور صدر دروازے کے طور پر گوادر بندرگاہ تاج میں قیمتی موتی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اب اس بندرگاہ کے ذریعے کنٹینرز کے ذریعے سامان کی نقل وحمل ہوسکتی ہے۔ کیونکہ تین کثیر المقاصد برتھیں کام کررہی ہیں۔ جبکہ مشرقی بے ایکسپریس وے ، نئے ہوائی اڈے ، قومی ہائی ویز اور مزید موٹرویز کی تعمیر سے گوادر پاکستان کے تمام حصوں سے بہتر طورپر جڑ جائے گا۔