”عام انتخابات جون میں متوقع‘ شیڈول اعلان 26-27 مئی کو ہو گا، سیکرٹری الیکشن کمیشن
اسلام آباد (صباح نیوز) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے قومی اسمبلی کیقائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان 26-27مئی 2018کو کردیا جائے گا۔ انتخابات 27-28جون کو متوقع ہیں ۔ حلقہ بندیوں کے بارے میں تین ہزار پٹیشنز موصول ہونے کا امکان ہے ۔ پانچ رکنی لارجر بینچ بنادیا گیا ہے بینچ کے ارکان کے ناموں کو خفیہ رکھا گیا ہے تاکہ انہیں کوئی تنگ نہ کرسکے کیونکہ گزشتہ حلقہ بندیوں کی پٹیشنز کے حوالے سے سماعت کرنے والے ارکان کے بارے میں شکایات موصول ہوئیں تھیں ۔ جمعہ کو پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چیئر پرسن ڈاکٹرشیزرامنصب کھرل کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوا قومی و شماریاتی ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے حلقہ بندیوں اور عام انتخابات 2018کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ فاٹا اور اسلام آباد میں سینیٹ انتخابات کی سمریاں وزیراعظم کے توسط سے ایوان صدر کو ارسال کردی گئی ہیں آج (ہفتہ کو)صدارتی حکمنامے جاری ہوجائیں گے اور سینیٹ انتخابات کا شیڈول ان علاقوں کے انتخابات پر بھی لاگو ہوجائے گا 8فروری تک صوبوں ، فاٹا اور اسلام آباد سے امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروا سکیں گے ۔ سیکرٹری نے بتایا کہ صدارتی حکم ناموں اور تین تعطیلات کے پیش نظر سینیٹ انتخابات کے شیڈول میں توسیع کی گئی ہے ۔ سیکرٹری نے بتایا کہ فاٹا تک انتخابی قانون 2017کو توسیع دینے اور اسلام آباد میں سینیٹ کے انتخابات کے طریقہ کار کے بارے میں صدارتی اجازت کیلئے دونوں سمریاں تیار کرلی گئیں ہیں ۔ وزیراعظم کو ارسال کردی گئی ہیں ان بتایا کہ فاٹا کے بارے میں سمری کی تیاری کیلئے تین وزارتوں کا کردار تھا اس لیے شاید یہ بروقت تیار نہ کی جاسکی ہوگی ۔ اس میں فاٹا سیکرٹریٹ وزارت سیفران اور وزارت قانون و انصاف کی ورکنگ درکار تھی ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ 28فروری سے قبل انتخابی حلقہ بندیوں کے کام کو مکمل کرلیا جائے گا۔ تین مارچ کو ابتدائی حلقہ بندیوں کا اعلان کردیا جائے گا۔