پہلا ٹیسٹ: بنگلہ دیشی بائولرز بے بس‘ سری لنکا نے 3 وکٹ پر 504 رنز بنا لئے
چٹا گانگ (اے پی پی) سری لنکن بلے بازوں نے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بنگلہ دیشی بائولرز کو بے حال کر دیا، آئی لینڈرز نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 504 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 9 رنز درکار ہیں، کوسل مینڈس اور دھانن جایا ڈی سلوا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگال ٹائیگرز کے بائولرز کا بھرکس نکالا، دونوں بلے بازوں کے درمیان 308 رنز کی عمدہ شراکت قائم ہوئی، مینڈس 196 اور دھانن جایا 173 رنز بنا کر نمایاں رہے، اس کے بعد روشن سلوا اور کپتان چندیمل حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، روشن سلوا 87 اور چندیمل 37 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ جمعہ کو چٹاگانگ ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم نے 187 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو دھانن جایا 104 اور مینڈس 83 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے تیسرے روز بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے بنگلہ دیشی بائولرز کی خوب درگت بنائی، 308 کے مجموعی سکور پر مستفیض الرحمان نے دھانن جایا کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، دھانن جایا 173 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس کے بعد کوسل مینڈس نے روشن سلوا کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ میں 107 رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 415 تک پہنچا دیا، یہاں پر تیجل اسلام نے مینڈس کو آئوٹ کر کے ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی، مینڈس کیریئر بہترین 196 رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر کپتان چندیمل نے روشن سلوا کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 504 رنز بنا لئے تھے اور اسے بنگال ٹائیگرز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 9 رنز کی ضرورت ہے، روشن سلوا 87 اور چندیمل 37 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، مستفیض الرحمان، تیجل اسلام اور مہدی حسن نے ایک، ایک وکٹ لی۔